رمضان کا چاند دیکھنے کے لئے کتنا خرچہ آیا؟اور رقم کون ادا کرے گا؟

پشاور:مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے اجلاس پر 20 لاکھ روپے کے اخراجات سامنے آئے ہیں، جن کی ادائیگی خیبرپختونخوا حکومت کرے گی۔
اس حوالے سے صوبائی حکومت نے 25 فروری کو ہونے والے کابینہ کے 48ویں اجلاس کا ایجنڈا تیار کر لیا ہے۔ اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کریں گے، جبکہ ایجنڈے میں رویت ہلال کمیٹی کے اخراجات کی باقاعدہ منظوری بھی شامل ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کابینہ اجلاس کے لیے 18 نکاتی ایجنڈا ترتیب دیا گیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے ہونے والے اجلاس پر 20 لاکھ روپے خرچ ہوئے، جن کی منظوری کابینہ سے لی جائے گی۔
یاد رہے کہ ہر سال مرکزی رویت ہلال کمیٹی رمضان المبارک اور دیگر اسلامی مہینوں کے چاند کی رویت کے لیے اجلاس منعقد کرتی ہے، جس کے انتظامی اور سفری اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرتی ہے۔