فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، تاہم اگر دشمن نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو پاکستان اُسی جرات اور قوتِ ایمانی کے ساتھ جواب دے گا جیسا کہ مئی میں دیا گیا تھا۔
ایوانِ صدر میں اردن کے بادشاہ کی رخصتی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ جس طرح اللہ نے نبی کریم ﷺ کو مشکلات میں کامیابی عطا فرمائی، اسی طرح پاکستان کے سپاہیوں کو بھی اللہ کی مدد حاصل ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ مئی کے مہینے میں جب جنگ مسلط کی گئی تو پاکستانی فوج کے جوان اللہ کی راہ میں ثابت قدم رہے اور اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو سرخرو کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، لیکن اگر دشمن نے جارحیت کی تو پاکستان بھرپور اور مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اللہ کے حکم کے مطابق اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔
غزوۂ اُحد کا حوالہ دیتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ جس طرح اس معرکے میں مٹی ڈالنے سے مسلمانوں کو کامیابی ملی، اسی طرح پاکستان کے بہادر سپاہیوں نے بھی حوصلے اور ایمان کے ساتھ مقابلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل فتح اللہ کی طرف سے ہوتی ہے، اور جب مسلمان اللہ پر کامل بھروسہ کرتا ہے تو دشمن پر پھینکی جانے والی مٹی بھی اُس کے لیے میزائل بن جاتی ہے۔
تقریب کے دوران شرکاء نے فیلڈ مارشل کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ فیلڈ مارشل نے قرآنِ مجید کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ماضی میں مسلمانوں کے خلاف دشمنوں کی تعداد بڑھ گئی تھی، اللہ کی مدد نے اُن کے لیے مٹی کو بھی دشمن کی آنکھوں پر پردہ بنا دیا، ویسی ہی مدد آج بھی ایمان والوں کے ساتھ ہوتی ہے۔