ایبٹ آباد، صوابی اور نوشہرہ میں فتنہ الخوارج کے ڈرون حملوں کی کوشش ناکام

سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کی جانب سے ایبٹ آباد، صوابی اور نوشہرہ میں ڈرون حملوں کی کوشش ناکام بنا دی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ افغان طالبان کے حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج نے چھوٹے ڈرونز کے ذریعے حملے کرنے کی کوشش کی تھی۔
عطا تارڑ نے مزید بتایا کہ پاکستان کے اینٹی ڈرون سسٹمز نے تمام ڈرونز کو بروقت ہدف بنا کر تباہ کر دیا، جس کے نتیجے میں تینوں مقامات پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
وزیر اطلاعات نے اس بات پر زور دیا کہ یہ واقعات ایک بار پھر افغان طالبان رجیم اور پاکستان میں دہشت گردی کے براہِ راست روابط کو بےنقاب کر دیتے ہیں۔
دوسری جانب، صوابی کے پابینی گاؤں میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کے باہر دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک طالبہ زخمی ہوئی۔
صوابی پولیس حکام کے مطابق دھماکا ممکنہ طور پر ڈرون کے ذریعے بارودی مواد گرا کر کیا گیا، اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔