اسرائیل نے ایران پر حملہ کر دیا، عالمی برادری تشویش میں مبتلا

اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران پر مبینہ فضائی کارروائی کی ہے، جس کے بعد شہر میں ہنگامی سائرن بجا دیے گئے اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیرِ دفاع نے بیان دیا ہے کہ ایران کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ حملے کے فوراً بعد تہران کے مختلف علاقوں سے زور دار دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔


روسی ذرائع ابلاغ نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ فضائی حملہ اسرائیل کی جانب سے کیا گیا۔ تاہم ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکوں کی اصل نوعیت اور اسباب کے بارے میں ابھی تک سرکاری سطح پر واضح معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

دوسری طرف اسرائیل میں ممکنہ ردعمل کے خدشے کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ سکیورٹی ادارے ہائی الرٹ پر ہیں جبکہ خطے میں کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔