اسلام آباد میں 10 ارب روپے ہرجانے کے مقدمے میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی گئی نظرِثانی درخواست باقاعدہ سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔
سپریم کورٹ میں وزیرِاعظم شہباز شریف کی طرف سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف دائر 10 ارب روپے ہرجانے کے کیس میں حقِ دفاع ختم کیے جانے کے فیصلے کے خلاف نظرِثانی درخواست پر کارروائی ہوگی۔
جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ 6 مارچ کو درخواست کی سماعت کرے گا۔ بینچ میں جسٹس ہاشم کاکڑ اور جسٹس اشتیاق ابراہیم بھی شامل ہیں۔
عدالتِ عظمیٰ نے گزشتہ سماعت کے دوران ٹرائل پر حکمِ امتناع جاری کرتے ہوئے وزیرِاعظم شہباز شریف کو بذریعہ وکیل نوٹس جاری کیا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ دونوں نے اس مقدمے میں حقِ دفاع ختم کرنے کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا، جس کے بعد بانی پی ٹی آئی نے اس فیصلے کے خلاف نظرِثانی کی درخواست دائر کی۔ اب عدالتِ عظمیٰ اس اہم قانونی نکتے پر دوبارہ غور کرے گی۔
3