خیبر پختونخوا کے علاقے میرانشاہ میں پاک فوج کی زیرِ نگرانی ایک اہم جرگہ منعقد ہوا جس میں شمالی وزیرستان کے سرکردہ مشران اور قبائلی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جرگے کی میزبانی جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) میرانشاہ نے کرتے ہوئے شرکا کو خوش آمدید کہا اور ان کے دیرینہ تعاون کو سراہا۔
جی او سی میرانشاہ نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے قبائلی مشران کے کردار کو ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان کا امن عمائدین کی مسلسل کاوشوں اور تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ جرگے میں علاقے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ شرکا نے ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولتوں اور انتظامی امور سے متعلق اپنے اہم نکات اور تجاویز بھی پیش کیں۔
قبائلی عمائدین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا۔ جرگے کے اختتام پر امن، ترقی اور مضبوط انتظامی حکمتِ عملی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
شمالی وزیرستان کے عمائدین نے واضح کیا کہ وہ خطے میں پائیدار امن کے قیام اور خوشحالی کے سفر میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔