کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں موبائل انٹرنیٹ چوتھے روز بھی بند، عوام پریشان

کوئٹہ:بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد کوئٹہ سمیت صوبے کے بیشتر علاقوں میں آج چوتھے روز بھی موبائل فون انٹرنیٹ سروس معطل ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
انٹرنیٹ سروس کی بندش سے عام صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ صحافی برادری کو خبری ترسیل اور پیشہ ورانہ امور میں سنگین رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ صوبے میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دہشت گرد حملوں کے فوری بعد انٹرنیٹ سروس بند کی گئی تھی، جو تاحال بحال نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب، بلوچستان سے ملک کے دیگر صوبوں کے لیے ٹرین سروس بھی چوتھے روز معطل ہے۔ امن و امان کی غیر یقینی صورتحال کے باعث ریل گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی گئی ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق پشاور کے لیے جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے چھٹے روز بھی روانہ نہ ہو سکی، جبکہ کراچی جانے والی بولان میل بھی تاحال معطل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال بہتر ہونے تک ٹرین سروس آئندہ چند روز تک معطل رہنے کا امکان ہے۔