بحری بیڑہ ایران کی جانب بڑھ رہا ہے، مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو بہت بُرا ہو گا: ٹرمپ

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے معاملے پر سخت اور جارحانہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ امریکی بحری بیڑا ایران کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے اور اگر جاری مذاکرات کسی نتیجے پر نہ پہنچے تو حالات نہایت سنگین رخ اختیار کر سکتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور کسی معاہدے تک پہنچنا ناگزیر ہو چکا ہے، تاہم اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو ’’بری چیزیں‘‘ سامنے آ سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کسی بھی صورت غیر یقینی صورتحال برداشت نہیں کرے گا۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ اسٹیو وٹکوف جمعہ کے روز ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے، جسے مذاکرات کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ امریکہ نے اپنی صنعتوں کے تحفظ کے لیے اہم معدنیات کا اسٹریٹجک ذخیرہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ امریکی بینک اس مقصد کے لیے 12 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔
داخلی صورتحال پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی سرحدیں اب مکمل طور پر محفوظ ہیں اور غیر قانونی دراندازی کا سلسلہ تقریباً ختم ہو چکا ہے۔
عالمی امور پر اظہار خیال کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ امریکہ یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ رکوانے کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے اور وہ اس حوالے سے مثبت پیش رفت کے لیے پُرامید ہیں۔ ان کے مطابق اس جنگ میں ہر ماہ تقریباً 25 ہزار افراد جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں، جبکہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی کے درمیان شدید نفرت افسوسناک ہے۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکہ اب تک دنیا میں آٹھ جنگیں رکوانے میں کامیاب ہو چکا ہے اور یورپ کے ساتھ اس کے تعلقات مضبوط اور خوشگوار ہیں۔
وینزویلا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ امریکی اقدامات کے بعد وہاں کی قیادت کے رویے میں واضح تبدیلی آئی ہے۔
ایران کے معاملے پر دوبارہ سخت لہجہ اپناتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے کسی معاہدے تک پہنچنا ناگزیر ہو چکا ہے، بصورتِ دیگر اس کے نتائج انتہائی سنگین ہو سکتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے آخر میں واضح طور پر کہا کہ ان کا جیفری ایپسٹین اسکینڈل سے کوئی تعلق نہیں۔