لڑکی نے عاشق کی لاش سے شادی کر کے سب کو حیران کر دیا

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع ناندیڑ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک لڑکی نے اپنے قتل ہونے والے عاشق کی لاش سے شادی کر کے سب کو حیران کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لڑکی کا نام انچل اور نوجوان کا نام سکشم تھا۔ دونوں تین سال سے ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے اور شادی کرنا چاہتے تھے، لیکن انچل کے گھر والے اس رشتے کے سخت خلاف تھے۔

رپورٹس کے مطابق انچل کی فیملی نے رشتے کی مخالفت میں انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے سکشم کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ قتل کے بعد انچل اپنے محبوب کے گھر پہنچی اور آخری رسومات سے پہلے ماتھے پر سندور لگا کر خود کو اس کی دلہن بنا لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انچل کے والد نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مل کر سکشم کے سر میں گولی مار کر قتل کیا۔ مقتول سکشم، انچل کے بھائی کا دوست تھا اور کچھ عرصہ پہلے ہی جیل سے رہا ہوا تھا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں ملزم اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق قاتل اور سکشم دونوں کا مجرمانہ پس منظر تھا، جبکہ قتل سے تقریباً دو گھنٹے پہلے انچل کی والدہ جے شری بھی سکشم کے گھر گئی تھی اور اسے دھمکیاں دی تھیں۔

انچل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ تین سال سے سکشم کے ساتھ رشتے میں تھی اور اس کی فیملی اس رشتے کے خلاف تھی۔ اس نے کہا کہ “سکشم اب اس دنیا میں نہیں رہا، لیکن میں ہمیشہ اس کی بیوی رہوں گی۔”

یہ واقعہ محبت، معاشرتی دباؤ اور خاندانی رویوں کے درمیان ایک دردناک اور منفرد انسانی المیے کی مثال ہے جس نے بھارتی معاشرے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔