لاہور:ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ پراسیسڈ غذاؤں میں استعمال ہونے والا عام تیل سویا بین آئل جسم میں اس کے ہضم اور پراسیس ہونے کے طریقے کی وجہ سے وزن میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔
اگرچہ گھروں میں یہ تیل زیادہ استعمال نہیں ہوتا، لیکن سلاد ڈریسنگز، مارجرین، چپس اور دیگر پراسیسڈ کھانوں میں عام طور پر پایا جاتا ہے۔ اس سے پہلے ہونے والی کئی تحقیقات بھی سویا بین آئل اور موٹاپے کے بڑھنے کے درمیان تعلق ظاہر کر چکی ہیں۔
کیلیفورنیا یونیورسٹی ریور سائیڈ کے محققین کے مطابق مسئلہ خود تیل نہیں بلکہ یہ ہے کہ جسم اس تیل کو کس طرح پراسیس کرتا ہے۔ زیادہ مقدار میں استعمال کرنے کی صورت میں جسم کے اندر ایسے میٹابولک راستے فعال ہو جاتے ہیں جن سے ہمارا جسم نمٹنے کے لیے قدرتی طور پر تیار نہیں ہوتا، جس کا نتیجہ وزن میں اضافے کی صورت میں نکلتا ہے۔
جامعہ کے پروفیسر فرانسس سلیڈک کا کہنا ہے کہ “سویا بین آئل بذاتِ خود نقصان دہ نہیں، لیکن ہم اسے جس مقدار میں استعمال کر رہے ہیں، وہ جسم میں ایسے عمل شروع کر دیتی ہے جو وزن بڑھنے کا سبب بنتے ہیں۔”