حجاج کرام کو گرمی سے بچانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا احرام متعارف

ریاض:سعودی عرب نے حج کے دوران حجاج کرام کو شدید گرمی سے بچانے کے لیے ایک جدید اور جدید ٹیکنالوجی سے تیار شدہ ٹھنڈا احرام متعارف کروا دیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق اس جدید احرام میں ایسی فائبر ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو دھوپ کی تپش کو منعکس کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس سے عازمین کا جسم گرمی کے اثر سے محفوظ رہتا ہے۔

ہر سال لاکھوں مسلمان مختلف ممالک سے حج ادا کرنے سعودی عرب پہنچتے ہیں اور شدید گرمی کے موسم میں حجاج کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ نئے احرام کا مقصد ان مشکلات کو کم کرنا اور حج کے دوران آرام و راحت فراہم کرنا ہے۔

سعودی ایئرلائن کے حکام نے بتایا کہ یہ احرام عازمین کو فراہم کیا جائے گا اور شدید گرمی سے بچاؤ میں مؤثر ثابت ہوگا۔ ایئرلائن نے اس کے علاوہ دیگر سہولیات بھی متعارف کرائی ہیں، جن میں ’’سامان کے بغیر حج‘‘ کی سہولت شامل ہے، جس کے تحت عازمین کا سامان ان کے رہائشی مقام سے براہِ راست کارگو تک پہنچایا جائے گا تاکہ سفر آسان اور آرام دہ بنایا جا سکے۔

مزید برآں، ایئرلائن عازمین کے لیے ’’فلائنگ ٹیکسی‘‘ سروس پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ حاجیوں کو ایئرپورٹ سے مکہ یا مدینہ تک تیز اور آسان رسائی فراہم کی جا سکے۔ اس اقدام سے حج کے دوران حجاج کو زیادہ سہولت اور تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔