بڑھتی ہوئی آبادی قومی ترقی کے لیے بڑا خطرہ بن چکی ہے: عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی انتہائی تشویش ناک صورتحال اختیار کر چکی ہے، جس سے نمٹنے کے لیے عوامی سطح پر بھرپور آگاہی ضروری ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان پاپولیشن سمٹ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آبادی میں غیر معمولی اضافہ نہ صرف صحت، تعلیم اور ملازمتوں کے شعبوں کو مشکلات سے دوچار کر رہا ہے بلکہ ملکی وسائل پر بھی شدید دباؤ بڑھا رہا ہے۔ ان کے مطابق آبادی کے بڑھتے بوجھ نے ترقی کی رفتار کو سست کر دیا ہے اور اگر بروقت اقدام نہ کیے گئے تو آنے والے برسوں میں حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آگاہی کی کمی اس مسئلے کو مزید بڑھا رہی ہے اور اسی وجہ سے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔ انہوں نے زور دیا کہ معاشی ترقی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ آبادی کا تناسب وسائل کے مطابق رکھا جائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ آبادی کے چیلنج سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی ضرورت ہے، جو پالیسی سازی، آگاہی پروگرامز اور موثر اقدامات کے ذریعے اس اہم مسئلے کا دیرپا حل نکال سکے۔