پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے یورپی یونین نے امداد کا اعلان کر دیا

اسلام آباد: یورپی یونین نے پاکستان میں شدید سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 30 لاکھ یورو کی اضافی ہنگامی امداد کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ امداد خاص طور پر پنجاب کے ان علاقوں میں خرچ کی جائے گی جو حالیہ مون سون بارشوں کے باعث بدترین صورتحال سے دوچار ہوئے۔

یورپی یونین کے مطابق نئی امداد نقد معاونت کی صورت میں فراہم کی جائے گی تاکہ متاثرہ افراد اپنی بنیادی ضروریات جیسے خوراک، رہائش، ادویات اور روزمرہ استعمال کی اشیاء فوری طور پر پوری کر سکیں۔ اس سے قبل ستمبر میں بھی یورپی یونین نے پاکستان کو 10 لاکھ 50 ہزار یورو فراہم کیے تھے جو صاف پانی، صحت، صفائی اور دیگر ضروری خدمات پر لگائے گئے۔

رواں سال کی شدید مون سون بارشوں کے باعث ملک بھر میں تقریباً 70 لاکھ افراد متاثر ہوئے، جبکہ 29 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہونے پر مجبور ہوگئے۔ سیلابی صورتحال کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد اموات ہوئیں اور دو لاکھ سے زیادہ گھروں سمیت وسیع زرعی اراضی اور فصلیں تباہ ہوئیں۔

یورپی یونین حکام کے مطابق اس سال مون سون پاکستان کے لیے گزشتہ 40 برسوں کی بدترین آفت ثابت ہوئی، پنجاب کے کئی علاقے مکمل طور پر زیرِ آب آگئے۔ گھروں، مویشیوں، فصلوں اور لوگوں کا قیمتی سامان سیلاب میں بہہ گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کی یہ امداد متاثرہ خاندانوں کے لیے زندگی کی ازسرِنو بحالی میں اہم کردار ادا کرے گی اور یہ عالمی سطح پر پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہے۔ تازہ امداد کے بعد یورپی یونین کی جانب سے رواں سال پاکستان کو ملنے والی مجموعی امداد ایک کروڑ 45 لاکھ یورو سے تجاوز کر گئی ہے۔