پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان

پاکستانیوں کے لیے خوشخبری ہے کہ صرف چار روز بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 11 روپے تک کمی کا امکان ہے، جس سے عام شہریوں کی جیب پر واضح اثر پڑے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 16 دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نمایاں طور پر کم ہو سکتی ہیں۔ متعلقہ محکمے نے قیمتوں میں کمی کے لیے ابتدائی ورکنگ تیار کرلی ہے اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (OGRA) کی سمری 15 دسمبر کو منظوری کے لیے ارسال کی جائے گی۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

ذرائع کے مطابق، تجویز کردہ کمی کے بعد پٹرول 36 پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل 11 روپے 85 پیسے فی لیٹر، مٹی کا تیل 11 روپے 70 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل 10 روپے 1 پیسے فی لیٹر سستا ہو سکتا ہے۔

اگر یہ کمی نافذ ہو گئی، تو پٹرول کی نئی قیمت 263 روپے 9 پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل 267 روپے 80 پیسے، مٹی کا تیل 181 روپے 16 پیسے اور لائٹ ڈیزل 153 روپے 76 پیسے فی لیٹر ہو جائے گی۔

یہ اقدام ملک میں ٹرانسپورٹ اور صنعت کے لیے خوش آئند ہے اور عام صارفین کے روزمرہ اخراجات میں کمی کا باعث بنے گا۔