دشمن کی کسی بھی جارحیت پر عوام اور فوج سیسہ پلائی دیوار بن جائیں گے:ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی اور فتنۂ خوارج کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کیے ہیں، جب کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاک فوج اور عوام ایک مضبوط دیوار کی مانند متحد ہوں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مردان کی مختلف جامعات اور مدارس کے اساتذہ و طلبہ سے ایک خصوصی نشست میں ملاقات کی۔
اس نشست میں عبد الولی خان یونیورسٹی، ویمن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور مختلف دینی مدارس کے اساتذہ و طلبہ بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

ملاقات کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے معرکۂ حق، پاک افغان سرحدی کشیدگی، داخلی سیکیورٹی اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کی کسی بھی سازش یا جارحیت کے مقابلے میں پاک فوج اور عوام ہر محاذ پر یکجا اور ثابت قدم رہیں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی اور فتنۂ خوارج کے خاتمے کے لیے ریاست نے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے ہیں، جن کے نتیجے میں امن و استحکام کی فضا قائم ہوئی ہے۔

اس موقع پر طلبہ اور اساتذہ نے غازیوں اور شہدا کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو سے ان کے ذہنوں میں موجود کئی ابہامات دور ہوئے۔
شرکا نے کہا کہ قوم ملکی سلامتی، امن کے فروغ اور ترقی کی راہ میں پاک فوج کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

طلبہ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان ملکی استحکام کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اب اس بات کا شعور حاصل ہوا ہے کہ ملک دشمن عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے افواج پاکستان کے خلاف کس طرح جھوٹا پروپیگنڈا پھیلاتے ہیں۔

اساتذہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ افواج پاکستان نے قوم کے تحفظ اور ملک کے دفاع کے لیے جو عظیم قربانیاں دی ہیں، وہ تاریخ کا روشن باب ہیں۔
ان کے مطابق، اب یہ ہر شہری کا فرض ہے کہ اپنی افواج کے ساتھ کھڑا ہو کر وطن دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنائے۔