اسلام آباد:سعودی عرب رواں مالی سال 2025-26 کے دوران پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی آئل فیسیلٹی فراہم کرے گا، جب کہ پانچ ارب ڈالر کے ڈیپازٹس بھی رول اوور کیے جائیں گے۔
وزارتِ خزانہ کے حکام کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے دی جانے والی ایک ارب ڈالر کی آئل فیسیلٹی تقریباً 290 ارب روپے کے مساوی ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب 5 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس کا رول اوور بھی کرے گا، جن میں سے دو ارب ڈالر کا قرض دسمبر جبکہ 3 ارب ڈالر کا قرض جون 2026 میں واجب الادا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی تین ماہ میں 85 ارب روپے سے زائد مالیت کی آئل فیسیلٹی فراہم کی جا چکی ہے، جو تقریباً 30 کروڑ ڈالر کے برابر ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو ماہانہ بنیاد پر 10 کروڑ ڈالر کی آئل فیسیلٹی فراہم کی جا رہی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 28 ارب 37 کروڑ روپے کے مساوی ہے۔
وزارتِ خزانہ حکام کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کو 5 ارب ڈالر ٹائم ڈیپازٹس کی صورت میں 4 فیصد شرحِ سود پر دے رکھے ہیں، جنہیں سعودی عرب ہر سال رول اوور کرتا ہے۔
قرض کی مد میں یہ سعودی ڈیپازٹس تقریباً 1450 ارب روپے کے مساوی ہیں، جو پاکستان کو بجٹ سپورٹ کی مد میں فراہم کیے گئے ہیں۔