لاہور؛ٹریفک پولیس نے ای چالان جمع نہ کرانے والی 2 ہزار 546 گاڑیاں بلیک لسٹ کر کے ان کی ضبطی کے احکامات جاری کر دیئے۔ٹریفک پولیس نے اُن شہریوں کے خلاف انتہائی سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جو بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باوجود جرمانے ادا نہیں کرتے۔ یہ کارروائی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے تعاون سے عمل میں لائی جا رہی ہے۔چیف ٹریفک آفیسر لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا ہے کہ بلیک لسٹ قرار دی گئی۔ گاڑیوں کو شہر بھر میں سیف سٹی کیمروں کی مدد سے تلاش کیا جائے گا اور تمام واجبات ادا ہونے تک گاڑیاں ضبط رہیں گی۔ اس حوالے سے ٹریفک پولیس نے ایک جامع پلان ترتیب دے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام ٹریفک افسران کو دوران ڈیوٹی ہر گاڑی کے ای چالان ریکارڈ کی جانچ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ای چالان نظام مکمل طور پر خودکار ہے اور تمام شہریوں کو بلاامتیاز چالان بھیجے جاتے ہیں۔ اس لیے ای چالان کی ادائیگی ہر شہری کی قانونی ذمہ داری ہے۔ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹریفک نظم و ضبط اور سڑکوں پر حفاظت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ جبکہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی ٹیمیں گاڑیوں کی ضبطگی مہم میں مکمل معاونت فراہم کر رہی ہیں۔ٹریفک پولیس کی جانب سے ابتدائی طور پر ان گاڑیوں کو بلیک لسٹ کیا گیا ہے۔ جن کے 50 یا اس سے زائد چالان جمع نہیں کرائے گئے۔
5