راولپنڈی : انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو پیش ہونے کا حکم جاری کر دیا۔
آج کیس کی سماعت جج امجد علی شاہ کے روبرو ہوئی، جس میں پولیس کے تین گواہ سب انسپکٹرز عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ پولیس رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ متعلقہ افسران اس وقت کرکٹ اسٹیڈیم کی سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں، اسی باعث وہ عدالت نہیں آ سکے۔
گواہان کی غیرحاضری کے باعث عدالت نے کیس کی سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی۔
سماعت کے دوران بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل روبکار کے ذریعے حاضری لگائی گئی، جب کہ عدالت نے آئندہ سماعت اڈیالہ جیل میں کرنے کا فیصلہ سنایا۔
عدالت نے تینوں غیر حاضر گواہوں کو اڈیالہ جیل میں پیش ہونے کے نوٹس جاری کیے اور تمام ملزمان کو بھی 5 نومبر کو جیل عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔
دوسری جانب، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد بھی عدالت میں حاضری کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔