سڈنی حملے کے بعد بھارتی میڈیا کی پاکستان بدنام کرنے کی سازش بے نقاب

اسلام آباد: سڈنی حملے کے بعد بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کو بدنام کرنے کی منظم سازش بے نقاب ہو گئی ہے اور اس پروپیگنڈے کے تمام الزامات جھوٹ ثابت ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا نے سوشل میڈیا پر جھوٹی تصاویر اور ویڈیوز پھیلائیں، جس کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا اور واقعے کو سیاسی و پروپیگنڈا جنگ میں تبدیل کرنا تھا۔ ایسے اقدامات انسانی ہمدردی کے خلاف اور حقیقت کو نظرانداز کرنے والے ہیں، کیونکہ منظم پروپیگنڈا نے حقیقی انسانی بہادری کو چھپا دیا۔

تصدیق شدہ بین الاقوامی ذرائع کے مطابق، پاکستان کے خلاف کسی بھی الزام کی حمایت نہیں کی گئی، اور بھارتی میڈیا کی جانب سے پھیلایا گیا جھوٹ عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں تھا۔ اس دوران، سچائی اور انسانی قربانی کو نظرانداز کیا گیا۔

سڈنی واقعے میں مسلمان شہری احمد ال احمد نے اپنی جرات مندانہ کارروائی سے سب کے لیے مثال قائم کی۔ انہوں نے ایک حملہ آور کو قابو کر کے مزید جانی نقصان کو روکا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ بہادری اور انسانیت میں مذہب یا نسل کی کوئی حد نہیں، اور دہشت گردی کا تعلق کسی قوم یا مذہب سے نہیں۔

یہ واقعہ ایک فرد کے جرم پر مشتمل تھا، لیکن بھارتی میڈیا نے پوری قوم کو بدنام کرنے کی کوشش کی، جس کا مقصد انتہا پسندی، متاثرین کی مدد اور مسلمانوں کی پرامن شناخت سے توجہ ہٹانا تھا۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے بونڈی بیچ پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 12 افراد کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کر دیا۔ فائرنگ یہودی مذہبی تہوار حنوکا کی تقریب کے دوران ہوئی۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شہریوں کو محفوظ جگہوں پر منتقل ہونے کی ہدایت دی۔

احمد ال احمد کی بہادری اور فوری اقدام کی وجہ سے مزید نقصان نہیں ہوا، اور ان کی جرات کو بین الاقوامی میڈیا نے سراہا اور پذیرائی دی۔