لاہور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور سے بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے مبینہ طور پر رابطہ رکھنے والے بارہ دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز اور حساس مقامات کی تصاویر و ویڈیوز برآمد کی گئیں، جو ان کے منصوبوں کی سنگینی ظاہر کرتی ہیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزمان کے موبائل فونز سے ایک مدرسے اور ایک مقامی میلے کی لوکیشن، تصاویر اور ویڈیوز بھی حاصل ہوئیں، جنہیں ممکنہ ہدف کے طور پر استعمال کیا جا سکتا تھا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق لاہور سے سکھ دیپ سنگھ، عظمت، فیضان، نبیل، ابرار، عثمان اور سرفراز کو گرفتار کیا گیا۔ فیصل آباد سے دانش جبکہ بہاولپور سے فتنہ الہند گروپ سے تعلق رکھنے والے رجب، ہاشم، ثاقب اور عارف کو حراست میں لیا گیا ہے۔
ادارے کے مطابق یہ پورا نیٹ ورک بھارت سے چلنے والی فیس بک آئی ڈی ’’عادل‘‘ کے ذریعے آپریٹ کیا جا رہا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم سکھ دیپ سنگھ پیدائشی کرسچن تھا جس نے کچھ عرصہ قبل مذہب تبدیل کیا۔
سی ٹی ڈی کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کو بھارتی خفیہ ایجنسی را سے بھاری فنڈنگ ملتی رہی، جبکہ دہشتگردی کے منصوبوں سے متعلق اہم شواہد بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔ تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔