باکو: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کو مکمل طور پر اعتماد میں لیا گیا، جبکہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔
وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران تمام ارکان اور اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان تعلقات کی مضبوطی اور قومی مفاد کے پیشِ نظر 27ویں آئینی ترمیم کی تیاری میں سب نے مثالی تعاون کیا۔
شہباز شریف نے وزارتِ قانون و انصاف، اٹارنی جنرل اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس اہم ترمیم کی تیاری میں دن رات محنت کی، جو قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ “میں نے 27ویں آئینی ترمیم پر اپنے قائد میاں محمد نواز شریف سے رہنمائی حاصل کی اور انہیں اعتماد میں لیا، ان کی قیمتی مشاورت پر میں تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔” وزیراعظم نے مزید بتایا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو بھی ترمیم کے بارے میں اعتماد میں لیا گیا، اور وہ ان کی حمایت اور رضامندی پر ان کے مشکور ہیں۔
وزیراعظم نے تمام اتحادی جماعتوں کے سربراہان، خصوصاً بلاول بھٹو زرداری، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عبدالعلیم خان، خالد حسین مگسی اور چوہدری سالک حسین کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان رہنماؤں سے اور ان کی جماعتوں کے وفود سے براہِ راست مشاورت کی گئی، جنہوں نے ترمیمی مسودے کی بھرپور تائید کی۔
شہباز شریف نے بتایا کہ ایمل ولی خان، اعجاز الحق اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی تاکہ تمام قومی جماعتوں کا اتفاقِ رائے حاصل کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ملک میں سیاسی و معاشی استحکام بحال ہو رہا ہے، معیشت درست سمت میں گامزن ہے، اور ہمیں اجتماعی محنت کے ذریعے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر آگے بڑھانا ہے۔