پمز اسپتال کی انتظامیہ نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کی صحت سے متعلق تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر رانا عمران سکندر کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے تمام ضروری طبی معائنے اور ٹیسٹ مکمل کیے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان کو دائیں آنکھ میں بینائی کم ہونے کی شکایت تھی، جس پر ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔ ڈاکٹروں نے انہیں بیماری کی نوعیت اور ممکنہ علاج کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بانی پی ٹی آئی کو علاج کی غرض سے پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سینئر ڈاکٹروں نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا اور ضروری طبی اقدامات کیے۔ آنکھوں کے ماہرین کی تجویز پر انہیں اسپتال لایا گیا تھا، معائنہ مکمل ہونے کے بعد انہیں دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
بعد ازاں وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بالکل ٹھیک اور صحت مند ہیں۔
اس سے قبل سینئر قانون دان اور پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کسی معمولی مسئلے کے باعث نہیں بلکہ ایک بڑے طبی مسئلے کی وجہ سے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ادھر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ معاملہ اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال تک پہنچ گیا لیکن اہل خانہ کو آگاہ نہیں کیا گیا، جبکہ سب سے بڑی تشویش یہ ہے کہ پمز اسپتال میں ریٹینا اسپیشلسٹ کی سہولت موجود نہیں۔
18