معرکہ حق، آٹھ صفر کی کامیابی دشمن کبھی بھلا نہیں پائے گا: مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ’’آٹھ صفر‘‘ کے معرکے میں حاصل ہونے والی کامیابی دشمن کے لیے ہمیشہ ایک ناقابلِ فراموش حقیقت رہے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ اس تاریخی مرحلے نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور دفاع کے معاملے میں کسی بھی چیلنج کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مریم نواز شریف نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری نے پاکستان کی کامیابی اور بھارت کی ناکامی کو کھلی آنکھوں سے دیکھا۔ اُن کے بقول اس معرکے نے مخالف قوتوں پر پاکستان کے عزم، طاقت اور وقار کی گہری چھاپ چھوڑ دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس جدوجہد نے یہ حقیقت مزید نمایاں کر دی کہ پاکستانی قوم امن کو ترجیح دیتی ہے، لیکن جب وطن کے دفاع کی گھڑی آتی ہے تو پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معرکہ ملکی تاریخ میں قومی عظمت، اتحاد اور جرات کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ پاکستانی عوام نے ہر اختلاف سے بالاتر ہو کر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عملی مظاہرہ کیا۔ قوم کے اتحاد اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت نے دشمن کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کر دیا۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جرات مند اور بے خوف قیادت نے اس کامیابی کی بنیاد رکھی، جس پر آج ہر محبِ وطن پاکستانی فخر محسوس کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عوام اس کامیابی کو ملی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ طلبہ، اساتذہ، تاجر، وکلا، کسان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اس تاریخی کامیابی پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ اُن کے مطابق پاکستان کے شاہینوں نے اپنی اعلیٰ حربی صلاحیتوں اور غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے دشمن پر اپنی برتری ثابت کر دی۔