ملک بھر میں مال بردار کرایوں میں 20 فیصد اضافے کا اعلان

کراچی:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں مال بردار ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 78 روپے جبکہ پٹرول کی قیمت میں 68 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹرز کے آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا تو وفاقی حکومت کو چاہیے کہ ٹول ٹیکس اور دیگر حکومتی ٹیکسوں میں کمی کا اعلان کرے تاکہ ٹرانسپورٹرز کو کسی حد تک ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی نازک معاشی صورتحال کے باوجود ٹرانسپورٹرز درآمدات، برآمدات اور تجارتی سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ نہ صرف ٹرانسپورٹرز بلکہ عام شہریوں کے لیے بھی مشکلات پیدا کر رہا ہے اور اس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث ٹرانسپورٹرز کو ماضی میں 10 روزہ ملک گیر ہڑتال کرنے پر مجبور ہونا پڑا تھا۔ اس ہڑتال کے دوران سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر اب تک عملدرآمد نہیں کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی جانب سے کیے گئے وعدوں کو بھی تاحال عملی شکل نہیں دی گئی۔

صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے مطالبہ کیا کہ وفاقی، پنجاب اور سندھ حکومتیں ٹرانسپورٹرز کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پالیسیوں پر نظرثانی نہ کی گئی تو ملک بھر میں ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوگی۔