انقلابی قدم، شہریوں کا موبائل فون اب سیف سٹی کا کیمرہ بن گیا

لاہور:پنجاب میں اب ہر شہری کا موبائل فون سیف سٹی کا کیمرہ بن گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے “محفوظ پنجاب ویژن” کے تحت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کی حفاظت کے لیے ایک اہم اور جدید قدم اٹھایا ہے۔

اس نئے منصوبے کا مقصد یہ ہے کہ کسی بھی سنگین واقعے کی ویڈیو فوری طور پر سیف سٹی تک پہنچ سکے، تاکہ کارروائی میں تاخیر نہ ہو اور مدد جلد پہنچائی جا سکے۔ اسی سلسلے میں سیف سٹی کی پبلک سیفٹی ایپ میں ایک نیا فیچر “کنیکٹ ٹو پی ایس سی اے” شامل کیا گیا ہے۔ اس فیچر سے شہری اپنے موبائل کی لائیو ویڈیو سیدھی سیف سٹی کنٹرول روم تک بھیج سکیں گے۔

اس سہولت کے ذریعے اگر کوئی اہم یا ایمرجنسی صورتحال پیش آئے تو شہری فوراً لائیو ویڈیو شیئر کرسکتے ہیں، جس سے کنٹرول روم کے عملے کو موقع کی اصل صورتحال کا اندازہ حقیقی وقت میں ہو جائے گا۔

ترجمان سیف سٹی کے مطابق اگر کوئی شہری ہیلپ لائن 15 پر کال کرے گا تو سیف سٹی کا آفیسر اس کے موبائل پر ایک خصوصی لنک بھیجے گا۔ جیسے ہی شہری اس لنک کو کھولے گا، اس کے موبائل کا لائیو کیمرہ فوراً کنٹرول روم سے جڑ جائے گا اور وہاں بیٹھے اہلکار موقع کی صورتحال براہِ راست دیکھ سکیں گے، جس سے امدادی کارروائی تیز اور مؤثر ہو جائے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ فیچر صرف ایمرجنسی حالات میں استعمال کیا جائے۔ شہریوں کو ہدایت ہے کہ اپنے موبائل کی لوکیشن آن رکھیں تاکہ درست مقام کا پتا چل سکے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ غیر ضروری ویڈیوز بھیجنے سے گریز کریں، کیونکہ اس سہولت کا مقصد صرف ہنگامی صورتحال میں بروقت مدد فراہم کرنا ہے۔