پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی اہم پیشکش کو قبول کر لیا

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے بالآخر حکومت کی جانب سے دی جانے والی وہ اہم پیشکش قبول کر لی ہے، جس کے تحت پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کو جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر رانا ثناءاللہ کی جانب سے پیش کی گئی اس تجویز پر پی ٹی آئی کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں غور کیا گیا، جہاں اکثریت نے اس اقدام کی تائید کی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی سامنے آیا کہ کمیٹی میں پی ٹی آئی کے وکلا، سینیٹرز اور ارکانِ قومی اسمبلی کو شامل کیا جائے گا تاکہ فریقین کے درمیان شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق رانا ثناءاللہ نے گزشتہ روز باضابطہ طور پر کمیٹی بنانے کی پیشکش کی تھی، جسے اب پی ٹی آئی کی قیادت نے رسمی طور پر تسلیم کر لیا ہے۔ مزید یہ کہ کمیٹی کی سربراہی بھی رانا ثناءاللہ کے پاس ہی ہوگی۔

پی ٹی آئی نے یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے نمائندے اور وکلاء کمیٹی کے ہمراہ جیل کا دورہ کریں گے، جہاں وہ براہِ راست مشاہدہ کریں گے کہ عمران خان کو کون سی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور کیا یہ سہولیات قواعد کے مطابق ہیں۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ سب کچھ واضح اور شفاف طریقے سے سامنے آئے، تاکہ کسی بھی قسم کے ابہام کو ختم کیا جا سکے۔