پاکستان جلد قرضوں سے آزاد ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امید ظاہر کی ہے کہ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان مکمل طور پر قرضوں سے نجات پاکر معاشی خود کفالت کی راہ پر گامزن ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے کیے گئے مشکل فیصلے اب مثبت نتائج دے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی جانب سے جاری پروگرام کے تحت مالی قسط کے اجراء کو حکومتی معاشی ٹیم کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مؤثر اصلاحات اور ذمہ دارانہ فیصلوں نے عالمی اداروں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی محنت کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے سفر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا کردار کلیدی رہا ہے۔ ان کے مطابق اصلاحاتی ایجنڈے کے نفاذ اور معاشی ترقی کے لیے بنائے گئے روڈ میپ میں عسکری قیادت کی معاونت انتہائی مؤثر ثابت ہوئی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے حالیہ مالی اجراء اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان درکار معاشی اصلاحات پر سنجیدگی سے عمل کر رہا ہے اور دنیا اس پیشرفت کو تسلیم بھی کر رہی ہے۔ “ڈیفالٹ کے دہانے سے ملک کو واپس استحکام کی طرف لانا ایک مشکل مرحلہ تھا، جس میں سیاست دانوں نے اپنی سیاست اور قوم نے اپنے آرام کی قربانی دے کر ناممکن کو ممکن بنایا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن کا ماڈل آج دنیا میں ایک کامیاب مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اور معاشی ترقی کا خواب اب حقیقت بننے کے قریب ہے۔

شہباز شریف نے واضح کیا کہ استحکام سے ترقی کی طرف سفر ابھی مکمل نہیں ہوا اور اس کے لیے مزید محنت اور مسلسل کوشش درکار ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ “بطور خادمِ پاکستان، میں اپنی قوم کی خوشحالی اور ملک کو بیرونی قرضوں سے مکمل آزادی دلانے تک محنت جاری رکھوں گا۔”