راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں ملکی سلامتی، دفاعی شعور اور موجودہ حالات پر مفصل گفتگو کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، اس خصوصی نشست میں کانونٹ آف جیسس اینڈ میری، بیکن ہاؤس اور روٹس اسکول سسٹم کے طلباء و طالبات اور اساتذہ نے شرکت کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر افواجِ پاکستان کے آپریشنل اُمور، داخلی صورتحال اور دفاعی حکمت عملی سے متعلق جامع گفتگو کی۔
پرنسپل کانونٹ آف جیسس اینڈ میری نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے استحکام اور امن کے لیے افواجِ پاکستان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔
نشست کے دوران طلباء و طالبات نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر سے براہِ راست بات چیت ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جو وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے کبھی دریغ نہیں کرتیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا، گمراہ کن معلومات اور دشمن کی نفسیاتی جنگ سے باخبر رہنے کی تلقین کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان قوم کا اصل سرمایہ ہیں، انہیں حقائق کو درست نقطۂ نظر سے دیکھنے، مثبت سوچ اپنانے اور قومی اتحاد کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔
اساتذہ نے کہا کہ آج کی نشست سے ہمیں یہ سمجھنے کا موقع ملا کہ ازلی دشمن کے تزویراتی تکبر اور نفسیاتی حربوں کا مقابلہ حکمت، علم اور عزم سے کیسے کیا جا سکتا ہے۔ ہم پاک فوج کی بہادری، قربانی اور حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔
طلباء نے کہا کہ بطور ذمہ دار شہری ہمیں سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں سے خود کو محفوظ رکھنا ہوگا، کیونکہ حقیقت کی تحقیق کیے بغیر کسی اطلاع پر یقین کرنا نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر طلباء نے کہا کہ اب ہم بہتر طور پر سمجھ چکے ہیں کہ پاک فوج کس طرح دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے، اور یہی عزم پاکستان کو مضبوط بناتا ہے۔