شدید بارش ،سردی میں اضافے اور برفباری کے باعث الرٹ جاری

لاہور:صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے لاہور سمیت صوبے کے بیشتر علاقوں میں بارشوں اور سردی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 19 جنوری تک مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ پنجاب میں داخل ہو رہا ہے، جبکہ 20 سے 23 جنوری کے دوران مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ 20 سے 23 جنوری کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع بارش کی لپیٹ میں رہیں گے، جن میں لاہور، سرگودھا، گجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن شامل ہیں۔

ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

پی ڈی ایم اے نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں تمام محکموں کو پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی ہے کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملہ چوبیس گھنٹے الرٹ رہے، جبکہ ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی مکمل تیار رکھا جائے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جبکہ مری اور پہاڑی علاقوں میں موجود سیاح خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

انہوں نے بتایا کہ سیاحوں کی سہولت کے لیے مری کے مختلف مقامات پر فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی مشکل کی صورت میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

عرفان علی کاٹھیا کا مزید کہنا تھا کہ دورانِ سفر تیز رفتاری اور اچانک بریک لگانے سے اجتناب کیا جائے، دھند کی صورت میں فوگ لائٹس کا استعمال لازمی کیا جائے اور گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھا جائے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔