بجلی صارفین کے لیے خوشخبری، بلوں کا نیا اور آسان فارمیٹ متعارف

اسلام آباد: بجلی صارفین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے پاور ڈویژن نے ملک بھر میں بجلی کے بلوں کے لیے ایک نیا اور زیادہ آسان فارمیٹ متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت بلوں کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ واضح اور قابلِ فہم بنایا گیا ہے۔

وزارتِ توانائی کی ہدایات پر تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے نئے طرز کے بل جاری کرنا شروع کر دیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کو بل سے متعلق معلومات سادہ اور شفاف انداز میں فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں بل سمجھنے میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

نئے ڈیزائن کے تحت بجلی کے بل میں استعمال شدہ یونٹس، قابلِ ادائیگی رقم، مقررہ تاریخِ ادائیگی اور دیگر ضروری تفصیلات کو نمایاں انداز میں شامل کیا گیا ہے، جس سے صارفین ایک ہی نظر میں اپنی تمام اہم معلومات دیکھ سکیں گے۔

حکام کے مطابق سابقہ بلوں میں غیر ضروری تفصیلات، پیچیدہ اصطلاحات اور معلومات کی غیر منظم ترتیب کے باعث اکثر صارفین کو بل سمجھنے میں مشکلات پیش آتی تھیں۔ عوامی شکایات اور تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے بل کے فارمیٹ کو مکمل طور پر ازسرنو تیار کیا گیا ہے۔

نئے بل میں معلومات کو زیادہ منظم، واضح اور آسان انداز میں ترتیب دیا گیا ہے جبکہ ڈیزائن کی غیر ضروری پیچیدگیوں کو بھی کم کیا گیا ہے تاکہ مختلف عمر اور تعلیمی پس منظر رکھنے والے صارفین باآسانی اس کا جائزہ لے سکیں۔

مزید سہولت کے لیے بل میں کیو آر کوڈ کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے، جس کی مدد سے صارفین اضافی معلومات حاصل کرنے کے ساتھ مختلف آن لائن اور ڈیجیٹل خدمات تک فوری رسائی حاصل کر سکیں گے۔

پاور سیکٹر کے حکام کا کہنا ہے کہ نئے بلوں کی تیاری کے دوران صارفین اور متعلقہ شعبوں سے موصول ہونے والی آراء اور تجاویز کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ ان کے مطابق بجلی کے شعبے میں شفافیت بڑھانے، خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور اصلاحاتی اقدامات کو آگے بڑھانے کا عمل مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔