پاک فوج نے افغان طالبان کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبورکر دیا، جنگ بندی کی درخواست

پاک فوج کی اسپن بولدک اور چمن سیکٹر میں مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کے بعد افغان طالبان نے جنگ بندی کی درخواست کر دی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا، جس کے دوران طالبان اور فتنۃ الخوارج کے متعدد ٹھکانے، چوکیوں اور فوجی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی میں افغان طالبان کے کئی مورچے، ٹینکس اور اسلحہ بردار گاڑیاں بمعہ عملہ تباہ کر دی گئیں۔

ذرائع کے مطابق پاک فوج کی اس کامیاب جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان کے جنگی عزائم بری طرح ناکام ہو گئے، جس کے بعد شکست خوردہ طالبان کی جانب سے جنگ بندی کی اپیل سامنے آئی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ افغان طالبان کی شکست کے بعد سوشل میڈیا پر من گھڑت اور جھوٹی ویڈیوز پھیلائی جا رہی ہیں جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ طالبان نے پاک فوج کے جنگی سازوسامان پر قبضہ کر لیا ہے۔ تاہم ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں، یہ تمام مواد جھوٹ اور پروپیگنڈے پر مبنی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاک فوج افغان طالبان اور فتنۃ الخوارج کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ دشمن کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا جواب نہ صرف فوری بلکہ توقع سے کہیں زیادہ سخت اور فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا۔