جدید ٹیکنالوجی کیساتھ پنجاب میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی سرکاری سطح پر دوبارہ اجرا کی منظوری

لاہور : پنجاب حکومت نے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے اجرا کے نظام کو ایک بار پھر سرکاری کنٹرول میں لانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت جدید سکیورٹی فیچرز سے آراستہ اور مکمل ڈیٹا بیس سے منسلک نئی نمبر پلیٹس متعارف کرائی جائیں گی۔

حکام کے مطابق اس نئے نظام کا مقصد گاڑیوں کی نگرانی، تصدیق اور سکیورٹی کے عمل کو مزید مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے، جس میں نئی ٹیکنالوجی کو بنیادی حیثیت حاصل ہوگی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اپریل 2024 میں شہریوں کو اپنی گاڑیوں کے لیے نمبر پلیٹس مارکیٹ سے تیار کروانے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم اب حکومت نے دوبارہ سرکاری سطح پر نمبر پلیٹس کے اجرا کی تیاری شروع کر دی ہے۔

ایکسائز حکام کے مطابق نئی نمبر پلیٹس کو جدید سکیورٹی فیچرز کے ساتھ تیار کیا جائے گا، جن میں آر ایف آئی ڈی (RFID) چپ بھی شامل ہوگی۔ اس چپ کی مدد سے گاڑی کی مکمل معلومات فوری طور پر حاصل کی جا سکیں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ جب یہ RFID بیسڈ پلیٹس سکینر کے سامنے آئیں گی تو گاڑی کا مکمل ریکارڈ فوری طور پر سامنے آ جائے گا، جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ محکموں کو گاڑیوں کی جانچ پڑتال اور تصدیق میں نمایاں سہولت ملے گی۔ اس نظام کے ذریعے مشکوک یا مطلوب گاڑیوں کی شناخت بھی زیادہ مؤثر انداز میں ممکن ہو سکے گی۔

ایکسائز ذرائع کے مطابق ماضی میں نمبر پلیٹس کی تیاری کا کنٹریکٹ مخصوص میٹریل کی کمی اور قیمتوں میں اضافے کے باعث ختم کر دیا گیا تھا، تاہم جن شہریوں نے فیس جمع کروائی تھی انہیں ان کی پلیٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔

ابتدائی مرحلے میں آر ایف آئی ڈی ٹیکنالوجی سے لیس نمبر پلیٹس صرف نئی رجسٹر ہونے والی گاڑیوں کو جاری کی جائیں گی۔ اس منصوبے کے آغاز کے حوالے سے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NRTC) اور محکمہ ایکسائز پنجاب کے درمیان ابتدائی مشاورت اور اجلاس بھی مکمل ہو چکے ہیں۔