لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے دوران گلیوں، محلوں اور دیگر ممنوعہ مقامات پر قربانی کی آلائشیں اور باقیات پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی منظوری دیتے ہوئے 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
حکومتی اقدامات کے تحت غیر قانونی مقامات پر آلائشیں پھینکنے کی نگرانی اور اس عمل کی روک تھام کے لیے خصوصی ویجلینس اسکواڈ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے بھرپور عوامی مہم چلائی جائے تاکہ لوگ صفائی کے اصولوں کی پابندی کریں۔
یہ فیصلے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیے گئے، جس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران صوبے بھر میں ڈرینوں، نہروں اور دیگر حساس مقامات کی خصوصی صفائی اور مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
وزیراعلیٰ نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو بھی صفائی کے جامع انتظامات یقینی بنانے کا پابند بنانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کالونیوں اور کنٹونمنٹ علاقوں میں بھی عید کے دوران صفائی کے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
اجلاس میں پنجاب بھر کی 2687 اہم کمرشل مارکیٹوں میں خصوصی صفائی آپریشن کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ چاند رات کے آخری پہر میں مرکزی شاہراہوں، بازاروں اور اہم چوراہوں کی صفائی مکمل کر لی جائے تاکہ عید کے دن صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔
مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران تمام اداروں کو ایک مشترکہ حکومتی ٹیم کے طور پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ غفلت یا شکایات سامنے آنے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور سیکرٹری بلدیات میاں شکیل احمد نے صفائی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ قربانی کی باقیات محفوظ انداز میں ٹھکانے لگانے کے لیے شہریوں کو ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگز فراہم کیے جائیں گے، جبکہ “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت عملہ گھر گھر جا کر آلائشیں جمع کرے گا۔