خواتین کو نوکری کا جھانسہ دے کر زیادتی کرنے والا اشتہاری ملزم گرفتار

لاہور: شہر میں ڈولفن فورس کے موبائل اسکواڈ نے ایک اہم کارروائی کے دوران نوکری کا جھانسہ دے کر خواتین سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق وومن ریس کورس تھانے میں درج مقدمے میں نامزد مطلوب اشتہاری ملزم کو معمول کی گشت اور چیکنگ کے دوران گجومتہ ناکے سے حراست میں لیا گیا۔ مشتبہ شخص کو روک کر جب اس کی شناخت اور ریکارڈ کی تصدیق کی گئی تو معلوم ہوا کہ گرفتار شخص بابر علی ہے جو پولیس کو مطلوب اشتہاری ملزم تھا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق بابر علی کو اے کیٹیگری کا اشتہاری قرار دیا جا چکا تھا اور وہ گزشتہ تقریباً پانچ ماہ سے تھانہ وومن ریس کورس پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلسل روپوش رہا۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم پر نوکری کا جھانسہ دے کر مبینہ طور پر خواتین سے زیادتی کے سنگین الزامات ہیں، جس کے تحت اس کے خلاف مقدمہ درج تھا۔
بعد ازاں گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ کاہنہ کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ تفتیشی یونٹ کو بھی اس گرفتاری سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ایس پی موبائلز کے مطابق ڈولفن اسکواڈ جدید ٹیکنالوجی اور ای پولیس ایپ کی مدد سے اشتہاری اور مطلوب ملزمان کی گرفتاری میں فعال کردار ادا کر رہا ہے، جس کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا عمل مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔