جنگ بندی، 20 جون سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کی توقع

اسلام آباد: ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے تحت 20 جون سے صارفین کو بڑی سطح پر ریلیف مل سکتا ہے۔

سرکاری ذرائع اور پیٹرولیم ڈویژن، اوگرا اور پی ایس او کی جانب سے تیار کیے گئے ورکنگ پیپرز کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر سے بھی زیادہ کمی کا امکان زیر غور ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اس حوالے سے سخت ہدایات جاری کی ہیں اور وفاقی وزیر پیٹرولیم کو 7 مارچ کو کیے گئے اضافے کا ازالہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اسی تناظر میں حکومت کی جانب سے مجموعی طور پر 55 روپے فی لیٹر سے زائد کمی کے امکانات پر کام جاری ہے۔

دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں عرب لائٹ خام تیل ایک ہفتے کے دوران 16 ڈالر کم ہو کر 80 ڈالر فی بیرل کی سطح تک آگیا ہے۔

عالمی قیمتوں میں اس کمی کے بعد ملکی سطح پر بھی ایندھن کی قیمتوں میں ردوبدل کا امکان بڑھ گیا ہے، جس پر حکومتی سطح پر غور و خوض جاری ہے۔

ادھر ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ممکنہ بڑی کمی کی خبروں کے بعد آئل کمپنیوں میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے، اور مختلف کمپنیوں کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ یکمشت بڑی کمی کے بجائے قیمتوں میں مرحلہ وار ردوبدل کیا جائے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین بڑی حد تک بین الاقوامی منڈی میں عرب لائٹ خام تیل کی قیمتوں سے منسلک ہوتا ہے، جس میں اتار چڑھاؤ کا براہ راست اثر مقامی مارکیٹ پر پڑتا ہے۔