راولپنڈی:ضلع کچہری راولپنڈی میں گھر سے بھاگ کر کی جانے والی کورٹ میرج یا لو میرج کے نکاح نامے رجسٹرڈ نہ کرنے کا باضابطہ فیصلہ کرلیا گیا ہے، جس کے تحت لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے تمام یونین کونسلز کو فوری احکامات جاری کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ لوکل گورنمنٹ نے ایک سرکلر جاری کرتے ہوئے ضلع کی تمام 182 یونین کونسلز کے سیکرٹریز کو ہدایت کی ہے کہ گھروں سے بھاگ کر یا والدین کی اجازت کے بغیر کچہری میں کی جانے والی کورٹ یا لو میرج کے نکاح نامے رجسٹرڈ نہ کیے جائیں۔
سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ اس حکم پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سرکلر کے مطابق خلاف ورزی کے مرتکب نکاح خواں کا لائسنس منسوخ کیا جائے گا، اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی، جب کہ متعلقہ یونین کونسل کے سیکرٹری کو ملازمت سے برطرف کرکے ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ کے مطابق گزشتہ دو سال کے دوران ضلع کچہری میں گھروں سے بھاگ کر نکاح کرنے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق صرف رواں سال یکم جنوری سے 30 ستمبر 2025 تک راولپنڈی کی کچہری میں 1594 کورٹ یا لو میرج رجسٹر ہو چکی ہیں۔
نئی ہدایات کے تحت اگر دیگر شہروں یا اضلاع کی لڑکیاں راولپنڈی کچہری میں نکاح کریں گی تو ان کے نکاح نامے بھی رجسٹر نہیں کیے جائیں گے۔
سرکلر میں مزید بتایا گیا ہے کہ کچہری میں بعض نکاح جعلی ایڈریس، فرضی گواہان اور جھوٹے مقامی شناختی کاغذات کی بنیاد پر کیے جا رہے تھے، جس کے باعث عملے کو راولپنڈی سے باہر مختلف اضلاع میں پیشیاں بھگتنی پڑ رہی تھیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ نکاح کے عمل کو شفاف اور قانونی دائرے میں رکھا جا سکے۔