ڈی آئی خان:بھارتی حمایت یافتہ 7 دہشت گرد ہلاک، میجر سبطین شہید

راولپنڈی:ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر مبنی ایک کامیاب آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم کارروائی کے دوران میجر سبطین حیدر بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 8 اکتوبر 2025 کو ہونے والا یہ آپریشن بھارتی پراکسی نیٹ ورک ’’فتنۃ الخوارج‘‘ سے وابستہ دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر شدید فائرنگ کی، تاہم جوانوں نے نہایت دلیری اور پیشہ ورانہ مہارت سے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 7 خارجی ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ضلع کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ میجر سبطین حیدر نے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ یہ عناصر سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بے گناہ شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
ترجمان کے مطابق علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ وہ بھارتی حمایت یافتہ ’’فتنۃ الخوارج‘‘ کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی، اور شہداء کی قربانیاں قوم کے حوصلے اور عزم کو مزید مضبوط کر رہی ہیں۔