الجلیل ڈویلپرز نے ہمارے ساتھ اربوں روپے کا فراڈ کیا، لبرٹی مارکیٹ میں ہزاروں متاثرین کا شدید احتجاج

لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور کی لبرٹی مارکیٹ میں الجلیل ڈویلپرز کے خلاف ہزاروں متاثرین نے شدید احتجاج کیا، جن کا الزام ہے کہ کمپنی نے مختلف ہاؤسنگ منصوبوں میں پلاٹس کی فراہمی کے نام پر کروڑوں نہیں بلکہ اربوں روپے اکٹھے کر کے عوام کو دھوکہ دیا۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے الجلیل ڈویلپرز کے مختلف ہاؤسنگ منصوبوں میں پلاٹس کے حصول کے لیے باقاعدہ پانچ سالہ پیمنٹ پلان مکمل کیے۔ پیمنٹ پلان مکمل ہوئے بھی پانچ پانچ سال گزر چکے ہیں، مگر نہ تو آج تک انہیں کوئی پلاٹ فراہم کیا گیا اور نہ ہی ایک روپیہ واپس کیا گیا۔

متاثرین کے مطابق کمپنی کی جانب سے یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ ڈھائی سال کے اندر پلاٹس کی ملکیت منتقل کر دی جائے گی، جبکہ ادائیگی کی مدت پانچ سال مقرر کی گئی تھی۔ تاہم نہ صرف پیمنٹ پلان مکمل ہو چکا بلکہ اس کے بعد مزید کئی سال گزرنے کے باوجود بھی متاثرین کو ان کے پلاٹس نہیں دیے گئے۔

احتجاج میں شریک افراد کا الزام ہے کہ الجلیل ڈویلپرز نے سینکڑوں پلاٹس پر مشتمل منصوبوں میں لاکھوں فائلیں فروخت کیں، جبکہ عملی طور پر ان منصوبوں میں پلاٹس کی تعداد اس سے کہیں کم تھی۔ اس طریقے سے عوام سے مبینہ طور پر اربوں روپے وصول کیے گئے، جس کے باعث ہزاروں خاندان شدید مالی مشکلات اور ذہنی اذیت کا شکار ہو چکے ہیں۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ جب وہ الجلیل ڈویلپرز کے دفاتر جا کر اپنے پلاٹس یا رقم کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہیں، یا نیب، ایف آئی اے اور دیگر اداروں میں شکایت درج کرانے کی بات کرتے ہیں، تو وہاں موجود عملہ مبینہ طور پر انہیں یہ کہہ کر ٹال دیتا ہے کہ جہاں مرضی شکایت کر لیں، کوئی کارروائی نہیں ہو گی۔ دفاتر میں یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ کمپنی کو کسی ادارے کا کوئی خوف نہیں اور شکایات کا کوئی اثر نہیں پڑتا۔

مظاہرین کے مطابق اسی رویے کے باعث انہیں خدشہ ہے کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے اس معاملے میں تاخیر یا عدم دلچسپی برتی جا رہی ہے، جس پر انہوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

احتجاج کرنے والوں نے سی سی ڈی، نیب، ایف آئی اے اور دیگر ریاستی اداروں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ مظاہرین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بھی براہِ راست اپیل کی ہے کہ اس مبینہ بڑے فراڈ کا سختی سے نوٹس لیا جائے، ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور متاثرین کو ان کا جائز حق دلایا جائے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ یہ محض ایک ہاؤسنگ منصوبے کا معاملہ نہیں بلکہ ان کے بقول پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مبینہ رئیل اسٹیٹ فراڈ ہے، جس نے ہزاروں خاندانوں کی جمع پونجی اور زندگی بھر کی امیدیں برباد کر دی ہیں۔