حکومت کا بڑا قدم، 27ویں آئینی ترمیم دونوں ایوانوں سے منظور کرانے کی تیاریاں مکمل

اسلام آباد:حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے جامع فریم ورک تیار کر لیا ہے، جو اگلے ہفتے تک سینیٹ اور قومی اسمبلی دونوں سے منظور کرائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آئینی ترمیم کو سب سے پہلے سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق 27ویں آئینی ترمیم جمعہ کے روز سینیٹ میں پیش کی جائے گی، اور منظوری کے بعد اسے قومی اسمبلی میں بھی پیش کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزارتِ قانون اور وزارتِ پارلیمانی امور نے سینیٹ سیکریٹریٹ کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ دونوں ایوانوں سے منظوری کا عمل آئندہ ہفتے مکمل ہونے کی توقع ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ آئینی ترمیم سے متعلق مشاورت کے لیے ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اراکین شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اس کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے اور مرکزی قیادت شامل ہوگی تاکہ ترمیم پر وسیع اتفاقِ رائے پیدا کیا جا سکے۔
آئینی ترمیم کا مسودہ پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ کمیٹی کی منظوری کے بعد یہ ترمیم باقاعدہ طور پر پارلیمنٹ سے منظور کروائی جائے گی۔
یہ ترمیم آئین میں اہم تبدیلیوں کے سلسلے کی ایک بڑی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، جس پر مختلف سیاسی جماعتوں کی مشاورت جاری ہے۔