راولپنڈی:آئی ایس پی آر کی جانب سے افواجِ پاکستان کی عظیم قربانیوں اور بے مثال خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک شاندار اور ولولہ انگیز نغمہ ریلیز کر دیا گیا ہے۔
یہ نغمہ شدید موسمی حالات، برفانی طوفانوں اور ناقابلِ برداشت سردی میں وطنِ عزیز کی سرحدوں کے دفاع اور مشکل کی گھڑی میں قوم کی خدمت میں مصروف افواجِ پاکستان کے عزم، حوصلے اور اعلیٰ فرض شناسی کو مؤثر انداز میں اجاگر کرتا ہے۔
نغمے میں اس حقیقت کو نمایاں کیا گیا ہے کہ پاک فوج وطن اور قوم کے تحفظ کے لیے شب و روز ہر قسم کے خطرات کا جرات مندانہ مقابلہ کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے، جو اس کے بلند حوصلے اور غیر متزلزل جذبے کی واضح مثال ہے۔
قدرتی آفات اور آزمائش کے ہر لمحے میں پوری قوم افواجِ پاکستان کو اپنا مضبوط سہارا سمجھتی ہے، اور پاک فوج نے بارہا ثابت کیا ہے کہ وہ ہر محاذ پر قوم کی امیدوں اور اعتماد پر پورا اترتی ہے۔
نغمے کے سحر انگیز بول، دل کو چھو لینے والی دھن اور پُراثر آواز نے سماں باندھ دیا، جو افواجِ پاکستان سے قوم کی والہانہ محبت، فخر اور غیر متزلزل اعتماد کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔
29