نو مئی کیسز: عدالت کا بانی پی ٹی آئی کو پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد:ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے 9 مئی سمیت دیگر 5 مقدمات میں آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کرنے یا ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج 9 مئی اور دیگر مقدمات کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں 6 فروری تک توسیع کر دی۔
عدالتی کارروائی کے دوران بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش نہیں کیا جا سکا، جس کے باعث ضمانت کی درخواستوں پر دلائل نہیں ہو سکے۔ عدم دستیابی کے باعث عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر مزید سماعت 6 فروری تک ملتوی کر دی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی کے واقعات، اقدامِ قتل، جعلی رسیدوں سمیت متعدد مقدمات درج ہیں، جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ طور پر جعلی رسیدیں جمع کروانے کے الزام میں مقدمہ قائم ہے۔