برازیلیا:برازیل کے شہر ریو ڈی جینیرو کے بائیوپارک چڑیا گھر میں شدید گرمی کے اثرات کم کرنے کے لیے جانوروں کو ٹھنڈی اور جمی ہوئی خوراک دی جا رہی ہے۔ چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق مختلف جانوروں کی جسمانی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے برف سے تیار کی گئی خصوصی خوراک فراہم کی گئی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تیندوؤں، بندروں اور دیگر جانوروں کے لیے الگ الگ اقسام کی جمی ہوئی غذائیں تیار کی گئیں۔ کچھ جانوروں کو جمے ہوئے پھل دیے گئے، جبکہ گوشت خور جانوروں کے لیے خون اور گوشت سے بنی جمی ہوئی خوراک رکھی گئی۔
چڑیا گھر میں بندروں کے ایک گروہ کو تربوز سے بنے پاپسیکلز دیے گئے، جنہیں انہوں نے شوق سے کھایا، جبکہ ایک تیندوا اپنے پانی کے ٹینک میں تیرتے ہوئے چکن کے پاپسیکلز کو نکالنے کی کوشش کرتا نظر آیا۔
چڑیا گھر کی حیاتیات دان لیٹیزیا فیٹوزا کے مطابق تیندوا جب جمی ہوئی خوراک حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے تو وہ پانی بھی پیتا ہے، جو شدید گرمی میں اس کی ہائیڈریشن کے لیے نہایت اہم ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جمی ہوئی خوراک جانوروں کی روزمرہ دیکھ بھال کا حصہ ہے، تاہم شدید گرمی کے دنوں میں یہ طریقہ جانوروں کے جسمانی درجہ حرارت کو قابو میں رکھنے میں خاص طور پر مددگار ثابت ہوتا ہے۔ انتظامیہ نے بتایا کہ گزشتہ سال بھی برازیل کے جنوب مشرقی علاقوں میں گرمی کی شدید لہر کے دوران ایسے ہی اقدامات کیے گئے تھے۔
17