لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے ہر ضلع میں اسٹروک مینجمنٹ سینٹر قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے، جبکہ ہر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال میں نیورالوجسٹ اور پیڈز نیورالوجسٹ کی تعیناتی کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہر ضلع میں ایک ڈاکٹر اور ایک نرس کو فوری طور پر تین ماہ کی اسٹروک مینجمنٹ ٹریننگ دی جائے تاکہ فالج کے مریضوں کو بروقت اور مؤثر علاج فراہم کیا جا سکے۔
مریم نواز شریف نے اسٹروک کے مریضوں کے لیے فوری طور پر ٹیلی میڈسن پراجیکٹ شروع کرنے کا بھی حکم دیا۔ اس منصوبے کے تحت ضلعی اسپتالوں کے ڈاکٹر فالج کے مریضوں کے فوری علاج کے لیے اسپیشلسٹ اور کنسلٹنٹس سے ٹیلی فون یا ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ کر سکیں گے۔
وزیراعلیٰ نے اسٹروک مینجمنٹ سینٹرز کے لیے نرسز ٹریننگ پروگرام شروع کرنے اور ریسکیو عملے کو بھی اسٹروک مینجمنٹ کی خصوصی تربیت دینے کی ہدایت کی۔ اس کے ساتھ ساتھ فالج کے علاج سے متعلق عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ فالج کے علاج میں “گولڈن آورز” کی اہمیت تسلیم شدہ حقیقت ہے اور وہ خود اس آگاہی مہم کی قیادت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر چلڈرن اسپتال میں بھی اسٹروک مینجمنٹ سینٹر قائم کیے جائیں گے تاکہ کسی مریض کو علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔
اجلاس میں پمز کے نیورالوجسٹ ڈاکٹر قاسم بشیر نے اسٹروک مینجمنٹ پروگرام پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 25 سال سے زائد عمر کے ہر چار میں سے ایک فرد کو فالج کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فالج کے پری ہاسپٹل، ہاسپٹل اور پوسٹ ہاسپٹل کیئر کے مراحل میں آگاہی اور تربیت نہایت ضروری ہے۔
21