کرم:خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج نے بلا اشتعال فائرنگ کی جبکہ پاک فوج کے بھرپور جواب پر اپنی پوسٹ چھوڑ کر فرار ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں ایک کمانڈر کی ہلاکت اور ایک گھنٹے میں 5 ٹینک پوزیشنز تباہ ہوگئی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کرم میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج نے بلا اشتعال فائرنگ کی تاہم پاک فوج کی جانب سے بھرپور اور شدید جواب دیا جس کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کی فائرنگ کی وجہ سے طالبان پوسٹوں کا شدید نقصان ہوا اور افغان طالبان کی پوسٹوں پر آگ بھڑک اٹھی۔
سیکورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں طالبان کا ٹینک اور ایک گھنٹے کے اندر 5 ٹینک پوزیشن (چوکیاں) بھی تباہ ہوا جبکہ افغان طالبان اور خوارج فرار ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ طالبان اپنی متعدد لاشیں تباہ شدہ پوسٹ پر چھوڑ کر فرار ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں ایک کمانڈر ہلاک ہوا ہے۔
بعد ازاں سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج نے کرم سیکٹر میں ایک اور کارروائی کی جہاں انتہائی مہارت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے دوران طالبان کے چلتے ٹینک کو نشانہ بنا کے تباہ کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کی طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف شدید کارروائیاں جاری ہیں اور ایک گھنٹے کے دوران چوتھی ٹینک پوزیشن شمشاد پوسٹ تباہ کر دی گئی، فتنہ الخوارج اور طالبان کے کارندے شدید گھبراہٹ میں پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی اس اہم کارروائی میں فتنہ الخوارج کے ایک اہم کمانڈر کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ خوست افغانستان میں پانچویں ٹینک پوزیشن نارگسرپوسٹ پر کھڑے ٹینک اوراس کے کریو کو بھی تباہ کر دیا گیا، طالبان اور فتنہ الخوارج کے متعدد کارندے ٹینک میں ہلاک اور پوسٹیں خالی کر لی ہیں۔
ترکمان زئی ٹاپ پر پاک فوج نے کارروائی کرتے ہوئے چھٹا ٹینک بمع عملہ تباہ کر دیا، اینڈ وی ڈی سے تباہ شدہ ٹینک سے آگ کے شعلے بلند ہوتے نظر آرہے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ قابض طالبان جتھے کے کارندے اپنی پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں۔
پاک فوج نے پولسین پوسٹ کے مد مقابل خارجی ملک نعیم کے ٹریننگ کیمپ کو بھی نشانہ بنایا، کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کا ٹریننگ کیمپ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔