ٹیکسٹائل برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئیں

اسلام آباد:رواں مالی سال 2025-26 کے ابتدائی چار ماہ کے دوران پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ عارف حبیب لمیٹڈ کی رپورٹ کے مطابق جولائی سے اکتوبر تک ٹیکسٹائل برآمدات کا مجموعی حجم 6.4 ارب ڈالر رہا، جو اس مدت کے لیے اب تک کی سب سے بڑی سطح ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس شاندار کارکردگی میں ویلیو ایڈڈ مصنوعات نے نمایاں کردار ادا کیا۔ نٹ ویئر کی برآمدات 1.9 ارب ڈالر جبکہ ریڈی میڈ گارمنٹس 1.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو دونوں شعبوں کے لیے بھی پہلے چار ماہ کی ریکارڈ سطح ہے۔

ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ عالمی مارکیٹ میں مانگ میں بہتری، ویلیو ایڈڈ سیکٹرز کی مضبوط کارکردگی اور روپے کی قدر میں استحکام کے باعث ممکن ہوا۔ معاشی ماہرین کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی کاروبار دوست پالیسیوں، برآمدات میں اضافے کے لیے حکومتی ترجیحات اور مالی نظم و ضبط پر مبنی حکمت عملی نے بھی اس کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

حکومت نے پالیسی تسلسل برقرار رکھتے ہوئے صنعتی سہولت کاری، برآمدی شعبوں کے لیے سازگار ماحول اور مسابقتی مواقع فراہم کیے، جس کے نتیجے میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی مجموعی کارکردگی مزید مضبوط ہوئی۔

توانائی لاگت میں بتدریج استحکام، کاروباری اعتماد کی بحالی اور برآمدی صنعتوں کے لیے خصوصی اقدامات نے مجموعی تجارتی ماحول کو بہتر بنایا ہے، جس سے رواں مالی سال کے آغاز میں ہی برآمدات کے شعبے نے نمایاں ترقی دکھائی ہے۔