طوفان سے تباہی، پاکستان کی طرف سے سری لنکا کے لیے 200 ٹن امدادی سامان روانہ

اسلام آباد:پاکستان نے سری لنکا میں آنے والے طوفان کی تباہ کاریوں کے پیش نظر 200 ٹن امدادی سامان بحری جہاز کے ذریعے سری لنکا روانہ کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے جاری اعلامیے کے مطابق بھارتی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی کی وجہ سے امدادی سامان بحری راستے بھیجا گیا، جس کے باعث سامان پہنچنے میں تقریباً 8 دن لگیں گے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ امدادی سامان میں خیمے، کمبل، رضائیاں، لائف جیکٹ، کشتیوں کے ساتھ پانی نکالنے کے پمپس، لالٹین، چٹائیاں، مچھر دانیاں، بچوں کے لیے خشک دودھ، راشن اور ادویات شامل ہیں۔

امدادی سامان روانگی کی تقریب این ڈی ایم اے کے اسلام آباد میں قائم گودام پر منعقد ہوئی، جس میں وزیر مملکت اظہر بلال کیانی، سری لنکا کے ہائی کمشنر اور وزارت خارجہ، این ڈی ایم اے اور الخدمت فاؤنڈیشن کے حکام بھی موجود تھے۔

اظہر بلال کیانی نے کہا کہ سری لنکا کے متاثرین کی امداد کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رہے گی اور این ڈی ایم اے آفات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی تباہی اور منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ سری لنکن سفیر نے بھی فوری امداد کی فراہمی پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ سری لنکا میں گزشتہ ہفتے آنے والے سمندری طوفان دتوا سے ہلاکتوں کی تعداد 465 ہو گئی ہے، جبکہ طوفان کے بعد آنے والے سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ کے نتیجے میں 366 افراد لاپتہ ہیں۔