سی ٹی ڈی کو ایک اور بڑی اور اہم ذمہ داری سونپ دی گئی

پنجاب میں انسدادِ دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو ایک اور بڑی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے، صوبے بھر میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اس کی خرید و فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔

صوبے میں غیر قانونی ہتھیاروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان کے آزادانہ پھیلاؤ کو سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے اعلیٰ سطح پر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی حکام نے ضلعی سطح پر کارروائی کا جامع پلان تیار کرلیا ہے، جس کے تحت ایسے تمام افراد کے خلاف ایکشن لیا جائے گا جو بغیر لائسنس ہتھیار رکھتے یا فروخت کرتے پائے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں غیر قانونی اسلحہ فروخت کے نیٹ ورکس کو توڑنے کے لیے مشتبہ عناصر کی فہرستیں مرتب کی جا رہی ہیں۔ امن دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کی نشاندہی کے بعد بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا امکان ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق غیر قانونی ہتھیاروں کی بھرمار صوبے میں امن و امان کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے، جس کے باعث اندرونی سلامتی کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ اسی تناظر میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسی کو بھی بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے یا بیچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔