کیسے اربوں ویوز حاصل کریں، اہم راز سے پردہ اٹھا گیا

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور میزبان علی انصاری نے حال ہی میں اپنی ویڈیوز پر حاصل ہونے والے اربوں ویوز کے پیچھے چھپا راز بیان کر دیا۔

ایک نجی ٹی وی شو میں بطورِ مہمان شرکت کے دوران علی انصاری نے اپنی فنی زندگی، کامیابیوں اور یادگار کرداروں پر کھل کر گفتگو کی۔ گفتگو کے دوران میزبان نے ان سے سوال کیا کہ اُن کے ڈراموں نے یوٹیوب پر دو ارب سے زائد ویوز حاصل کیے، آخر اس غیر معمولی کامیابی کا راز کیا ہے؟

جواب میں علی انصاری نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ اُن کے لیے واقعی ایک بڑا اعزاز ہے۔ اُن کے دو مشہور ڈرامے ’رنگ محل‘ اور ’کافرہ‘ اس شاندار کامیابی کا حصہ بنے۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ناظرین کو ایسے کردار زیادہ متاثر کرتے ہیں جو ابتدا میں منفی دکھائی دیں لیکن وقت کے ساتھ بدل کر بہتر انسان بن جائیں۔ اُن کے مطابق، اگر کہانی میں شدت، جذبہ اور تبدیلی کا عنصر ہو، اور ایک ’برے لڑکے‘ کو ہیرو کے طور پر پیش کیا جائے، تو یہی فارمولا ویوز کی دنیا میں کامیابی کی ضمانت بن جاتا ہے۔