معروف بھارتی اداکارہ دیویا دتہ نے اب تک شادی نہ کرنے اور سنگل رہنے کے فیصلے پر کھل کر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اپنی زندگی سے جڑی وجوہات بیان کر دی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی دیویا دتہ نے ایک خصوصی انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی، محبت اور رشتوں سے متعلق گفتگو کی۔ گزشتہ تین دہائیوں سے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے وابستہ 48 سالہ اداکارہ نے اس دوران اعتراف کیا کہ اگرچہ انہوں نے اسکرین پر متعدد رومانوی اور ازدواجی کردار نبھائے، تاہم حقیقی زندگی میں انہوں نے شادی سے دور رہنے کا انتخاب کیا۔
دیویا دتہ کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی ایک محبت کرنے والے، خیال رکھنے والے اور سمجھدار شخص کے ساتھ شراکت داری کے لیے تیار ہیں، مگر شادی یا رشتے کے معاملے میں ان کے نزدیک باہمی سمجھ بوجھ اور ایک دوسرے کی مکمل نگہداشت بے حد ضروری ہے۔
اب تک شادی نہ کرنے سے متعلق سوال پر اداکارہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ انہوں نے زندگی میں کئی غلطیوں سے سیکھا ہے اور وہ محبت کی تلاش میں بھی رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کئی بار محبت کو آزمایا، لیکن جب بات مستقل رشتے یا شادی کی آئی تو انہیں احساس ہوا کہ اس کے لیے درست شخص کا ہونا نہایت اہم ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ انہیں ایسا ساتھی چاہیے جو ایک اداکارہ کی زندگی کو سمجھ سکے، کیونکہ یہ زندگی نہ صرف ہائی پروفائل بلکہ غیر متوقع بھی ہوتی ہے۔ اسی لیے ان کے مطابق ایک مضبوط اور سمجھدار ساتھی کا ہونا ضروری ہے جو ان تمام پہلوؤں کو قبول کر سکے۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایسے شخص کی خواہاں ہیں جو اچھے اور برے دونوں اوقات میں ساتھ دے، ایک دوسرے کی کامیابیوں پر خوشی منائے اور باہمی طور پر حوصلہ افزائی کرے، تاہم بدقسمتی سے ماضی کے رشتوں میں انہیں ایسا ساتھ نصیب نہیں ہو سکا۔
دیویا دتہ نے اعتراف کیا کہ اگرچہ ان کی ملاقات کچھ واقعی اچھے لوگوں سے ہوئی، مگر وقت کے ساتھ انہیں احساس ہوا کہ وہ ان کے لیے موزوں نہیں تھے۔ بعد ازاں انہوں نے یہ بھی جان لیا کہ وہ بغیر کسی شریکِ حیات کے بھی پُرسکون اور مطمئن زندگی گزار سکتی ہیں۔
20