عمران خان تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے،رپورٹ عدالت میں پیش

اسلام آباد:این سی سی آئی اے نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان تفتیش کے دوران تعاون نہیں کر رہے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ (ایکس اکاؤنٹ) کے حوالے سے انویسٹی گیشن کی تفصیلات پر مبنی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے متعلق دو الگ انکوائریز شروع کی گئی ہیں جو 19 مئی اور 13 ستمبر 2024 کو این سی سی آئی اے میں رجسٹرڈ کی گئی تھیں۔

این سی سی آئی اے کی انویسٹی گیشن ٹیم نے متعدد بار اڈیالہ جیل کا دورہ کیا تاکہ اکاؤنٹ سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں، لیکن بانی پی ٹی آئی نے یہ نہیں بتایا کہ ان کا ایکس اکاؤنٹ کون چلا رہا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان نے تفتیشی ٹیم کے ساتھ تعاون سے انکار کیا، جس کے باعث ایکس اکاؤنٹ سے متعلق انویسٹی گیشن اب تک جاری ہے۔ این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹ کو چلانے سے متعلق سوالات کے باوجود بانی پی ٹی آئی نے معلومات فراہم نہیں کیں، اور اس معاملے کی تحقیقات تاحال زیر التوا ہیں۔